گوجرخان ( نمائندہ خبریں )تحصیل گوجرخان کا معروف تجارتی مرکز کھوکھا بازار جو کبھی گہما گہمی اور رونقوں کا محور ہوا کرتا تھا، میگا پروجیکٹ کے تحت خاتمے کے بعد اب اجڑ کر کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ بالخصوص حیات سر روڈ کے آغاز سے لے کر باڑہ مارکیٹ تک کا سارا علاقہ خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔ کھوکھا بازار کے اطراف میں موجود
دکانوں کے مالکان اور تاجروں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس ویران اور ناہموار ہوتی ہوئی جگہ کی حالت سدھارنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ بازار ختم ہونے کے بعد دکانوں کے سامنے کا حصہ مکمل طور پر ?جڑ چکا ہے، جس سے نہ صرف گاہکوں کا گزرنا محال ہو گیا ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں اور چھوٹے روزگار سے وابستہ محنت کشوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجروں نے واضح کیا کہ ان کا فوری مطالبہ اس جگہ کو پختہ کرنے کا نہیں ہے، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ جب تک میگا پروجیکٹ کے تحت باقاعدہ تعمیراتی کام شروع نہیں ہوتا، تب تک اس اکھڑی ہوئی زمین کو عارضی طور پر برابر اور ہموار کر دیا جائے۔دکانداروں کے مطابق زمین ہموار ہونے سے دکانوں تک گاہکوں کی آمدورفت آسان ہو جائے گی، اور ریڑھی بانوں سمیت سڑک کنارے چھوٹے موٹے روزگار سے وابستہ محنت کش بھی سکون کے ساتھ اپنا روزگار کما سکیں گے۔ متاثرہ دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہونے سے بچ سکیں اور شہریوں کو بھی سہولت میسر آئے
