لاہور (جنرل رپورٹر)حکومتِ سندھ کے فرسٹ کامن ٹریننگ پروگرام سے تعلق رکھنے والے
20 زیرِ تربیت افسران نے اپنے نیشنل اسٹڈی ٹورکے سلسلے میں پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن (پیف) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پیف کے تحت تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات، تعلیمی اقدامات اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے ذریعے مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے نظام کو سمجھنا تھا۔پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن کی جانب سے وفد کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن شاہد فرید نے شرکا کو فانڈیشن کے اغراض و مقاصد، طریق کار اور صوبے میں مفت و معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں بتایا۔ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کام کر رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد نجی شعبے کے اشتراک سے مستحق اور محروم طبقات کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وفد کو پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام (PSRP)، نواز شریف سکولز آف ایمننس (NSSE)، ایڈ ٹیک اے ایل پی پروگرام، فانڈیشن اسسٹڈ سکولز (FAS) پروگرام، ایجوکیشن واچرسکیم (EVS) اور نیو سکول پروگرام کے اغراض و مقاصد اور طریق کار سے آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ ان پروگرامز کے ذریعے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے، تعلیمی معیار میں بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران سندھ حکومت کے زیر تربیت افسران نے پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن کی تعلیمی خدمات، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اور صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فانڈیشن کے اقدامات کو تعلیمی شعبے میں بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر ایم ڈی پیف نے وفد کے شرکا کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور دورے کی یادگار کے طور پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
