تہران ( نیوز ایجنسیاں) ایران کے صدر مسعودپزشکیان کی سپریم لیڈر سے 7گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، دونوں کے درمیان انتظامی اور حکومتی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اہم فیصلے کئے گئے۔ دریں اثناء ایران نے ممکنہ امریکی حملے پر مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگی جہازوں کو ڈبونے کی دھمکی دیدی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ سات ماہ میں سپریم لیڈر سے دو مرتبہ ملاقات کی، ایران میں اہل اور باصلاحیت افراد کی کمی حکومتی کارکردگی متاثر کر رہی ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ نظام حکمرانی اور عوامی انتظامیہ میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومتی نظام میں بہتری، اہل افراد کے انتخاب اور فیصلوں پر موثر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔ایرانی صدر نے یہ بات ایران میں جامعات کی افتتاحی تقریب اور نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، یہ دوسرا موقع ہے جب ایرانی صدر نے مجتبی خامنہ ای کے ساتھ اپنی طویل ملاقات کا ذکر کیا ہے۔دریں اثناء ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو جوابی کارروائیوں میں مشرق وسطی میں امریکی جنگی جہازوں کو ڈبونے کی کوشش بھی شامل ہو سکتی ہے۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق ایران نے ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر جوہر مقامات کو محفوظ بنانا شروع کر دیا۔ ایران سرحدی علاقوں سمیت حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مضبوط بنا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ جبل الفس اور نطنز کے مقامات کے اطراف مٹی کے حفاظتی بند بنائے۔ حفاظتی اقدامات کا مقصد امریکی فوج کی کسی بھی ممکنہ پیش قدمی کو روکنا ہے۔امریکی اخبار نے ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا تنازع دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں خطے میں موجود اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق تہران نے ثالثوں کو بتایا ہے کہ جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو زیادہ جارحانہ کارروائیاں کی جائیں گی، کارروائیوں میں مشرق وسطی میں امریکی جنگی جہازوں کو ڈبونے کی کوشش بھی شامل ہو سکتی ہے۔قبل ازیں ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران سفارت کاری کے ہر عمل کا خیرمقدم کرتا ہے اور وہ کسی بھی فریق کے ساتھ بات چیت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا۔عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کیے گئے فارمولے پر امریکی جواب کا جائزہ آخری مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تہران سفارت کاری کے لیے تیار ہے، تاہم شرط یہ ہے کہ بات چیت حقائق کی بنیاد پر کی جائے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک امریکا اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کرتا، ایران کی جانب سے اس معاملے میں کسی قسم کی لچک کی توقع نہ رکھی جائے۔کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ اپنے دفاع اور جنگ کیلئے ایران کی تیاری بھی اتنی ہی مضبوط ہے جتنی مذاکرات کے لئے۔
سپریم لیڈر
