لاہور(کرائم رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دے دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سرچ کمیٹی کی تشکیل پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2025ء کی دفعہ 7(1)کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے 11 اکتوبر 2026ء کو سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی تھی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سرچ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور، سیکرٹری محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر محمد عمر مسعود اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی پی اے ایف ڈی اے سرچ کمیٹی کے اراکین مقرر کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں سرچ کمیٹی کا دائرہ اختیار بھی وضع کیا گیا ہے۔ سرچ کمیٹی ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کرے گی اور امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر کے ان کے انٹرویوز کرے گی۔ بعد ازاں سرچ کمیٹی حکومت پنجاب کو ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی تعیناتی کیلئے موزوں ترین امیدوار کی سفارش کرے گی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ قائم مقام ڈی جی پفسا پی ایف ایس اے سرچ کمیٹی کو ضروری انتظامی معاونت فراہم کریں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی تعیناتی کیلئے 5 رکنی سرچ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
