اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے ریجن بھر میں 130سے زائد132کے وی گرڈ اسٹیشنز میں نصب پاور ٹرانسفارمرز، 1295سے زائد11کے وی فیڈرز، ٹرانسمیشن لائنز اور دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ناگریز مینٹیننس کیلئے سالانہ سسٹم مینٹیننس پروگرام2026-27جاری کر دیا ہے جو 15 اکتوبر 2026 سے 8 فروری 2027 تک جاری رہے گا۔ فیڈرز پر مینٹیننس ورکس کے دوران بجلی بندش کے لئے عارضی شٹ ڈان لئے جائیں گے۔آئیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر چوہدری خالد محمود نے ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ فیڈرز پر ہونے والے شٹ ڈان کی پیشگی اطلاع ہر صورت متعلقہ صارفین تک پہنچائی جائے اور اس سلسلے میں پرنٹ، الیکٹرونک، سوشل میڈیاپلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ مساجد میں اعلانات کے ذریعے بھی متعلقہ صارفین کو بروقت آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایات دیں کے بجلی بندش کے دوراینئے کو سختی سے مانیٹر کیا جائے اور سٹاف کام کے دوران سیفٹی کے تمام ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔ فیلڈ افسران سٹاف کو کام کے دوران چیک کریں گے اور موقع پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ سالانہ سسٹم مینٹیننس کے باعث ڈسٹری بیوشن سسٹم مزید مستحکم ہو گا اور سسٹم میں موجود نقائص پر قابو پاکر پیک آورز میں نہ صرف بجلی کی بلا تعطل ترسیل ممکن بنائی جائے گی بلکہ سسٹم پر آنے والے فالٹس اور ٹرپننگ پر بھی قابو یقینی بنایا جائے گا۔ صارفین آئیسکو کی آفیشل ویب سائٹ www.iesco.com.pk، آئیسکو کے سوشل میڈیا پیجزfacebook: @iescoofficialpk)اورX: @iescoofficialpk) اور آئیسکوہیلپ لائن نمبر118پر بھی فیڈرز پر ہونے والی عارضی شٹ ڈان کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
