لاہور (این این آئی)پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے
کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت دونوں محکموں کے 20 افسران تربیتی دورے پر امریکہ جائیں گے۔ امریکی ریاست ورجینیا میں 24اکتوبر سے 8نومبر تک جاری رہنے والے تربیتی پروگرام میں الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی مجرمان کے انتظام کے جدید طریقوں سے آگاہی دی جائے گی۔امریکہ میں تربیت کے لئے منتخب افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، سابق ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال اور سینئر سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر بھی موجود تھیں۔ دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ”ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام”امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہو گا، پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، تربیتی پروگرام کے لئے حکومتِ پنجاب پر کوئی مالی بوجھ نہیں آئے گا، امریکی تربیتی دورہ 24اکتوبر سے 8نومبر تک جاری رہے گا۔
