واشنگٹن (این این آئی)امریکی انتخابی دوڑ میں ریپبلکن پارٹی کی مالیاتی برتری کو کھرب پتیوں اور بڑے فنڈرز کی طرف سے دیے جانے والے بھاری عطیات کی بدولت تقویت مل رہی ہے۔ ان میں سب سے آگے ایلن مسک ہیں جنہوں نے ریپبلکنز کی حامی سیاسی کمیٹیوں میں سینکڑوں ملین ڈالرز ایسے وقت میں ڈالے ہیں جب ڈیموکریٹس بھی بڑے عطیہ دہندگان اور ان تنظیموں پر انحصار کر رہے ہیں جو فنڈز جمع کرتی ہیں اور انہیں انتخابی مہمات میں دوبارہ تقسیم کرتی ہیں۔ایلون مسک نے تیسری سہ ماہی کے دوران سینیٹ لیڈرشپ فنڈ کمیٹی کو 158 ملین ڈالر فراہم کیے جو کہ ریپبلکنز کی حامی ایک بڑی سیاسی ایکشن کمیٹی ہے اور جس نے ٹیکساس ریاست میں سینیٹ کی نشست پر جاری شدید دوڑ میں کین پاکسٹن کی حمایت کے لیے اپنے قائم کردہ ایک نئے گروپ کو رقم منتقل کرنے میں جلدی کی۔ مسک نے تیسری سہ ماہی کے دوران پاکسٹن کی حامی ایک اور سیاسی کمیٹی لون سٹار لبرٹی کو 10 ملین ڈالر بھی عطیہ کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ کانگریس لیڈرشپ فنڈ کمیٹی کو 20 ملین ڈالر دیے۔ یہ کمیٹی ایوان نمائندگان کے انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کرتی ہے۔مسک ، جنہوں نے پہلے امریکی حکومتی کارکردگی کے شعبے میں ایک قیادت کا عہدہ سنبھالا تھا، نے امریکہ پیک کمیٹی کو 88 ملین ڈالر سے زیادہ فراہم کیے جسے انہوں نے شروع میں 2024 کے انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کی حمایت کے لیے قائم کیا تھا۔

