لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان پولیس کے سالانہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سپورٹس ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری کر دیا گیا، مقابلے 29 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہیں گے، جبکہ صوبہ بھر میں کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ٹریننگ کیمپس کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی ہدایات پر سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں پیٹرن پاکستان پولیس کرکٹ ایڈیشنل آئی جی عمران محمود، چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل اور معروف کرکٹر کامران اکمل نے شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کرکٹ، آرچری، بیس بال، ایتھلیٹکس، باکسنگ، کبڈی، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ اور ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ ان ٹورنامنٹس میں لاہور سمیت تمام اضلاع اور پولیس یونٹس کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے کہا کہ ضلعی، ریجنل، یونٹ اور بین الصوبائی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ہر کھیل کی پاکستان پولیس ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ پولیس کی ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گی، جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاکستان کی قومی ٹیموں میں جگہ بنانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پولیس کا سپورٹس کیلنڈر اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ منسلک ہے اور تمام اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، تاکہ بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لا کر پولیس کے کھیلوں کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
