فیصل آباد (این این آئی) حرمت رسول ۖ پر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے عاشق رسول ۖ غازی علم دین شہید کا 97 واں
یوم شہادت 31 اکتوبر کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں فیصل آباد سمیت ملک بھر میں دینی جماعتوں کے زیراہتمام مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں غازی علم دین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ غازی علم دین شہید نے 16اپریل 1929ء کو حضور نبی کریم ۖ کی شان اقدس میں گستاخی پر مبنی کتاب کے مصنف راجپال کو جہنم رسید کیا تھا’ انگریز حکومت نے غازی علم دین شہید پر مقدمہ کر دیا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی بطور وکیل غازی علم دین شہید کا مقدمہ لڑا تھا۔ غازی علم دین شہید کو31 اکتوبر 1929ء کو میانوالی جیل میں پھانسی دی گئی تھی جس سے غازی علم دین شہید شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ امت مسلمہ اس عظیم عاشق رسول ۖ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر برس ان کی یاد مناتی ہے۔

