لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر مقدمات کی سماعت کے لیے ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 2 نومبر سے 11ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں جبکہ 27 سنگل بنچ حکم امتناعی، ضمانت، اندراج مقدمہ اور دیگر اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ ترمیمی ججز روسٹر 24 دسمبر تک نافذ العمل رہے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے ترمیمی ججز روسٹر جاری کیا۔ روسٹر کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ بینکنگ اور کمرشل اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل زمان اور جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں کی سماعت کریں گے، جبکہ جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل سمیت فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس عاصم حفیظ کی سربراہی میں بنچ بینکنگ اور کمپنی کیسز سمیت متعلقہ اپیلوں، جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں بنچ سول اپیلوں، جسٹس علی ضیا باجوہ کی سربراہی میں بنچ منشیات اور فوجداری اپیلوں جبکہ جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں بنچ ٹیکس ریفرنسز اور بینکنگ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔اسی طرح جسٹس وقار حیدر اعوان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ ترمیمی روسٹر کے تحت مقدمات کی سماعت 24 دسمبر تک جاری رہے گی۔
