لاہور (این این آئی)پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) فریڈ سنیوی رتنے نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتےہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی جھلک تجارت و سرمایہ کاری میں بھی نظر آنی چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور پاکستان کی معیشت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی، جبکہ سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر چودھری خادم حسین نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سری لنکا میں دستیاب تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ دوستانہ تعلقات سے دونوں ملکوں کی کاروباری برادری بھی بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات موجود ہیں جو دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے تجارتی وفود اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ علی حسام اصغر نے لاہور کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایک بہترین کاروباری و تجارتی مرکز اور پاکستان کی برآمدات میں اہم کردار ادا کرنے والا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن کاروباری برادری کے ساتھ روابط میں اضافے سے پاکستانی برآمدکنندگان اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں جبکہ سری لنکن کمپنیوں کو بھی پاکستانی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے کا موقع ملے گا۔انہوں نے بی ٹو بی روابط اور چیمبر سے چیمبر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری تنظیموں کے درمیان براہ راست روابط باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی اور دیرپا تجارتی شراکت داریوں کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کی مارکیٹوں میں کاروباری آؤٹ لیٹس قائم کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی بھی ترغیب دی، جس سے مارکیٹ تک رسائی اور کاروباری موجودگی کو وسعت مل سکتی ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر چودھری خادم حسین نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور پاکستان اور سری لنکا کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سری لنکا کے اعزازی قونصل یاسین جویا، لاہور چیمبر کے سابق نائب صدور میاں زاہد جاوید اور حارث عتیق، ایگزیکٹو کمیٹی کی اراکین مس ہماجنید، شہزاد علی شاہ، محمد علی، شہزاد محمود، مردان علی زیدی، چودھری ذوالفقار علی، عامر عطا باری، سید یوسف جمیل، علی رضا، عدیل بابر خان اور چودھری محمد فرغام بھی موجود تھے۔
