لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب پولیس سیالکوٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جیولر کے گھر سے لوٹا گیا کروڑوں روپے مالیت کا 2 کلوگرام سے زائد سونا برآمد کر لیا۔ متاثرہ جیولر نے ریکارڈ وقت میں لوٹا گیا سونا بحفاظت برآمد کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی لگا کر سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن15 پر واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس ٹیموں کو ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی بازیابی کا حکم دیا۔ ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او پولیس ٹیموں کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کا گھیرا کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس کے تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس ٹیموں نے سرچ آپریشن کے دوران کھیتوں سے تمام سونا تلاش کرکے بحفاظت برآمد کر لیا’ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے کہا کہ شہریوں اور تاجروں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، فرار ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سیالکوٹ پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قیمتی مال مسروقہ کی بروقت برآمدگی پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری رسپانس کا مظہر ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی’ جیولر کے گھر سے لوٹا 2 کلو سونا برآمد کرلیا

