اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرکزی دفتر میں جدید بینکاری
نیٹ ورک اور سافٹ ویئر کے ذریعے چلنے والے ڈیٹا سینٹر کی تنصیب کا کروڑوں ڈالر مالیت کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا، امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو کے تعاون سے مکمل ہونے والے منصوبے کو پاکستان کے اہم مالیاتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور سسکو پاکستان کے اعلی حکام کے ہمراہ اسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور منصوبے کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا۔امریکی سفارت خانے کے مطابق سسکو کو دیا گیا یہ کروڑوں ڈالر مالیت کا منصوبہ پاکستان کے بنیادی بینکاری نیٹ ورک اور جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام پر مشتمل ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایسا محفوظ، جدید اور مستحکم نظام قائم کیا گیا ہے جو پاکستان کے مالیاتی ڈھانچے کو سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے، مالیاتی استحکام برقرار رکھنے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل بینکاری خدمات کی بلا تعطل فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ جدید مالیاتی نظام کے مثر اور قابل اعتماد آپریشنز کے لیے محفوظ ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اسٹیٹ بینک کا بنیادی ڈھانچہ قومی اثاثہ ہے جو ملکی معاشی استحکام اور عوام کے اعتماد کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے امریکی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کا انتخاب ٹیکنالوجی کے معیار، تحفظ اور طویل المدتی قابل اعتماد نظام کے عزم کا مظہر ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی اداروں کو عالمی معیار کی امریکی ٹیکنالوجی اور جدید اختراعات سے منسلک کرنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد اور سسکو پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر کاشف الحق نے منصوبے کی تکمیل میں مشترکہ تکنیکی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ نظام کی تنصیب اور منتقلی کا عمل مرکزی بینک کی معمول کی سرگرمیاں متاثر کیے بغیر مکمل کیا گیا۔امریکی سفارت خانے کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون، شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ اور امریکہ پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے امریکی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
