راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل
ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت اور درستی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے ہتھیاروں پر عبور حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جز ہونا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیرنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ شوٹنگ ایونٹ 7اکتوبر سے 11 نومبر 2026تک جاری رہا اور اختتامی تقریب میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بطور مہمان اعزاز شریک ہوئے اور فیلڈ مارشل کے ہمراہ مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقابلے میں فوج، بحریہ، فضائیہ اور سول آرمڈ فورسزکے 1500سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور عام شہریوں کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔چوتھی انٹر سروسز کومبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپئن شپ ٹرافی جیتی، پاکستان آرمی کی ”آرمی مارکس مین شپ یونٹ”نے ”پرائم منسٹر اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ”اپنے نام کیا۔ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو دی گئی، پنجاب رجمنٹ نے ‘یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ’ اور ‘انفنٹری اسکواڈ میچ’ میں بھی کامیابی حاصل کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت اور درستی کو سراہا اور کہا کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا ایک پیشہ ور فوجی کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں پر عبور حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جزو ہونا چاہیے۔آئی ایس پی آرکے مطابق انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل کا تقریب میں آمد پر استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل
