لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت چیئر مین ٹینرز ایسوسی ملک محمد اعظم کر رہے تھے۔پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں لیدر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن ملک محمد اعظم نے بتایا کہ لیدر انڈسٹری کو خام مال کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے، آرگنائزڈ سلاٹر ہاؤسز قائم کرکے خام مال کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔وفد نے قصور میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو فنکشنل کرنے کے لئے حکومت سے تعاون کا مطالبہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لیدر انڈسٹری ملک کی بڑی صنعت ہے جس میں ایکسپورٹ بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے اس لئے لیدر انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انڈسٹری تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
