لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹا¶ن میں ترکی کے مذہبی امور کے سربراہ (President, Presidency of Religious Affairs,Turkey)ڈاکٹر مہمت گورمز (Dr. Mehmet Gormez)کی قیادت میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی جس میں پاک ترک تعلقات ، مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے ، رواداری ، یگانگت اوربرداشت کے جذبات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا- ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کی طرح بین الامذاہب ہم آہنگی ، یگانگت، اخوت اور رواداری کو فروغ دینے کیلئے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے استنبول میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا-وزیر اعلی شہباز شریف اور شرکاءنے استنبول دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی -وزیر اعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور پنجاب کے عوام غم کی گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیںاور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں -استنبول میں سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کونشانہ بنا کر بربریت کا بدترین مظاہرہ کیا ہے اور ہم دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں -انہوںنے کہا کہ ترکی اور پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے بلا شبہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی چیلنج ہے جسے مشترکہ کوششوں سے نمٹنا ہو گا اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے مل کر مربوط انداز میں اقدامات کرنا ہو ںگے – وزیر اعلی شہباز شریف نے حضرت محمد کی ولادت باسعادت کے بابرکت موقع پر ترک وفد اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خاتم الانبیامحمد کی ولادت کا دن پوری انسانیت کیلئے خوشیوں اور مسرت کا دن ہے – نبی پاک نے بھائی چارے ، رواداری ، یگانگت اور اتحاد کا درس دیا ہے اور امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل حضور پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور حضرت محمد کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہماری بقا ہے کیونکہ آپ کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں اور امت مسلمہ کو آپ کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میںعملی طور پر رائج کرنے کی ضرورت ہے اور امت مسلمہ قرآن و سنت کے حقیقی پیغام کو اپنی زندگیوں میں عملی شکل دے کر ہی کامیابیاں اور کامرانیاں سمیٹ سکتی ہے-وزیر اعلی نے کہا کہ اس ضمن میں ہمارے سامنے ترکی کی ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کی مثال موجود ہے کیونکہ اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے بین الامذاہب ہم آہنگی ، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کی ہیں – ترقی ،خوشحالی اورامن کیلئے آپس کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس راستے پر چلنا ہو گا جس کی تعلیمات نبی پاک نے د ی ہیں -تجارتی ومعاشی تعلقات کی طرح پاکستان اور ترکی کو بین الامذاہب ، ہم آہنگی ، یگانگت، اخوت اور رواداری کو فروغ دینے کیلئے بھی ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میںدونوںملکوں کے مابین قریبی روابط ضروری ہیں – وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات لازوال تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ”خادم پنجاب صاف پانی پروگرام“ مفاد عامہ کا ایک بڑا اور شاندار پروگرام ہے جس کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر اسے روایتی انداز سے ہٹ کر پیشہ ورانہ انداز میں چلانا ہوگا تاکہ جلد از جلد اس پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔ وہ آج یہاں ”خادم پنجاب صا ف پانی پروگرام“ کے امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور ماضی میں اس اہم مسئلے کی جانب خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے نہ صرف عوام کی بڑی تعداد اس بنیادی سہولت سے محروم رہی بلکہ یہ مختلف متعدی امراض کے پھیلنے کا سبب بھی بنا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ بنایا ہے جس کی تکمیل سے عوام کو صا ف اور شفاف پانی میسر آئے گا اور گندے پانی سے پھیلنے والے متعدی امراض کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اگر منرل واٹر استعمال کرتی ہے تو عام آدمی کا بھی یہ بنیادی حق ہے کہ اسے بھی صاف پانی میسر آئے اور اس پروگرام کی تکمیل سے یہ تفاوت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ بے حد اہمیت کا حامل ہے اس لئے اسے روایتی طریقہ کار کی بجائے مربوط انداز میں آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے پروگرام پر عملدرآمد میں تخمینہ جات میں اضافے اور بعض امو رپر غیرپیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تخمینہ جات کے اعداد و شمار میں اضافے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے، اس لئے اس منصوبے میں کوئی غفلت اور تساہل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق یہ منصوبہ بھی نہایت شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور عوام کی ایک ایک پائی کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب صاف پانی کمپنی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروگرام کی جلد تکمیل کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے اور فرائض احساس ذمہ داری سے سرانجام دیتے ہوئے مقررہ معیاد میں منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت عوام کے وسائل عوام پر خرچ کئے جا رہے ہیں جو کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک شاندار قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے اس پروگرام پر عملدرآمد اور پیش رفت کا وہ خود باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دھند کے باعث صوبے کے بعض شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے میں صحت عامہ کے اصلاحاتی پروگرام خصوصا جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میںڈرگ ایکٹ 1976ءمیں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں سخت کی جائیں گی اورایسے عناصر کی بیخ کنی کیلئے جرمانوں میںاضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھنا¶نے کاروبار میں ملوث عناصر موت کے سوداگر ہیں اس لئے جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اس مکروہ کاروبار کا صوبے سے مکمل خاتمہ کر دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ معیاری ادویات ہر مریض کا حق ہے اور یہ حق اسے ہرصورت پہنچائیں گے ۔ وزیر اعلی نے لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر چار بڑے شہروں میں جدید ترین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو آئندہ سال جون تک فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا قیام معیاری ادویات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے ۔ اس لئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے قیام کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ وزیراعلی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی مکمل طور پر خود مختار ادارہ ہو گا۔ وزیر اعلی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف ڈرگ کنٹرولر کے آفس کی تنظیم نو کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ مجھے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف مہم میں نتائج چاہیئں۔
وزیراعلیٰ سے ترک وفد کی ملاقات, اندرونی کہانی سامنے آگئی

