بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور متعلقہ سیکریٹریز کے علاوہ چیئرمین ایچ ای سی، چیئرمین آئی بی سی سی اور فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ (ایف جی ای آئی)، نیوی اور ایئرفورس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صفی نے ملک میں کووڈ۔19 کی موجودہ صورتحال کے بارے میں فورم کو تفصیلی بریفنگ دی، اسی طرح تمام صوبوں نے اپنے اپنے صوبوں کے اسکولوں اور کالجوں میں کورونا کیسز کا ڈیٹا شیئر کیا جو کہ ایک سے 2 فیصد ہے جس پر فورم نے اطمینان کا اظہار کیا۔
تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

