تازہ تر ین

عمران خان سے سردارتنویر الیاس کی ملاقات، آزاد کشمیر کے بجٹ پر بریفنگ دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے آمدہ بجٹ، ترقیاتی عمل اور مستقبل کی پیش بندیوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ سردار تنویر الیاس نے چیئرمین پی ٹی آئی کوآزادکشمیر کے بجٹ، حکومتی امور اورتحریک انصاف حکومت کے اب تک کے اقدامات بارے بریفنگ دی۔
سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت محدود وسائل کے باوجود اپنا پہلا عوام دوست بجٹ پیش کرنے جارہی ہے۔ تحریک انصاف کے منشور اور آپ کے ویژن کے مطابق آزادخطہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے، نچلے طبقے کو اوپر لانے اور تمام حلقوں میں بلاتخصیص تعمیر وترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ کلین اینڈ گرین کشمیر مہم کے تحت آزادکشمیر کے تمام شہروں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔ عوام کی عزت نفس کو بحال رکھنے کیلئے سرکاری دفاتر کیلئے ضابطہ اخلاق لایاگیا ہے۔ آزادکشمیر کی آمدن میں اضافہ کیلئے سیاحت پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے۔ بجٹ میں بھی سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار میسر آنے کے ساتھ ساتھ ریاست کی آمدن میں اضافہ ہو۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف تبدیلی کا نام ہے، عوام کو حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ تحریک انصاف سے لوگوں کی توقعات وابستہ ہیں انہیں بہرصورت پورا کیا جائے اور لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ آزادکشمیر میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے اور یہ شعبہ آزادخطہ سے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سیاحت کے شعبے کی ترقی پر خصوصی فوکس کیا جائے۔
عمران خان نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو ڈیزائن کرتے وقت ان کے ماحولیاتی اثرات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے کسی بھی منصوبے کی اجازت نہ دی جائے، صحت اور تعلیم کو بھی ترجیحات میں رکھاجائے، قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain