شہر میں منکی پاکس (ایم پاکس) کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں ایک اور 18 سالہ نوجوان، ریحان، میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تازہ کیس سامنے آنے کے بعد لاہور میں کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق میو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں اس وقت 7 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 میں منکی پاکس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 3 مشتبہ کیسز ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو قریبی جسمانی رابطے کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری جسمانی رابطے سے گریز کریں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

