تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ تاحال امریکہ کے ساتھ کسی قسم کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے، اور ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی قسم کے مذاکرات کا حصہ نہیں ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح اور توجہ جنگ کا خاتمہ ہے، جہاں تک آبنائے ہرمز کے انتظامی معاملات کا تعلق ہے، تو اس کا فیصلہ صرف ایران اور عمان مل کر کریں گے۔
یاد رہے کہ اس بیان سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے عمانی ہم منصب سے رابطہ کیا تھا۔
اپنے رابطے کے حوالے سے ایرانی وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے عمان کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ آبنائے ہرمز کی صورتحال اور مستقبل میں اس کے انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے کے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت کے عمل کو خوش آئند سمجھتا ہے۔
