مغربی ایران میں امریکی MQ-9 ریپر ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاع
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ کے علاقے اسلام آبادِ غرب میں ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون کو ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔
ایرانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈرون ایران کی فضائی حدود میں نگرانی یا آپریشن کے لیے موجود تھا، جسے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے ذریعے ٹریک کرکے تباہ کیا گیا۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس مخصوص واقعے کی فوری طور پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں، میزائل حملوں اور ڈرون سرگرمیوں کے باعث خطے میں مزید کشیدگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

