اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے روچڈیل گرومنگ گینگ کے سزا یافتہ سرغنہ شبیر احمد عرف "ڈیڈی” کو پاکستان بھیجنے کی کوششوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کے جرائم کی ذمہ داری برطانیہ پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ وہ وہیں پلا بڑھا، تعلیم و تربیت حاصل کی اور جرائم بھی اسی ملک میں کیے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ شبیر احمد اگرچہ پاکستان میں پیدا ہوا تھا، تاہم وہ کم عمری میں برطانیہ منتقل ہوگیا تھا اور بعد ازاں برطانوی شہریت اختیار کرلی۔ ان کے مطابق یہ معاملہ مکمل طور پر برطانیہ کا اندرونی مسئلہ ہے اور پاکستان اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔
ترجمان نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم ناقابلِ قبول ہیں، لیکن ان کی ذمہ داری اس ملک پر عائد ہوتی ہے جہاں ملزم نے اپنی زندگی گزاری اور جرائم کا ارتکاب کیا۔

