مری پولیس نے سیاحوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا
مری پولیس نے موسمِ گرما، مون سون کی بارشوں، دھند اور سیاحوں کے غیر معمولی رش کے پیشِ نظر سیاحوں کے لیے خصوصی سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) مری ڈاکٹر رضا تنویر نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے موسم اور ٹریفک کی صورتحال ضرور چیک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پولیس کے مطابق مری میں بارش اور شدید دھند کے باعث کئی مقامات پر حدِ نگاہ کم ہو جاتی ہے، اس لیے ڈرائیور حضرات محتاط انداز میں گاڑی چلائیں، رفتار کم رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف مقررہ پارکنگ مقامات استعمال کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ مری ایکسپریس وے کو آمد و رفت کے لیے ترجیحی اور محفوظ راستہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ بعض سڑکوں پر مرمت کے کام کے باعث متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سیاحوں کی رہنمائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس اہلکار اہم شاہراہوں، داخلی راستوں اور چوراہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس نے سیاحوں کو "Safe Tourism Murree” موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، جس کے ذریعے ٹریفک، موسم، پارکنگ اور ہنگامی امداد سے متعلق فوری معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

