ہانگ کانگ: پاکستان کی خواتین نیٹ بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 کے پلیٹ ڈویژن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان نے فائنل میں تھائی لینڈ کو 55-50 سے شکست دی۔
فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور ٹیم ورک، مضبوط دفاع اور بہترین پاسنگ کا مظاہرہ کیا اور سنسنی خیز مقابلے میں تھائی لینڈ کو پانچ پوائنٹس کے فرق سے مات دے دی۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ پلیٹ ڈویژن جیتنے کے بعد پاکستان نے 2028 میں ہونے والی ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے کپ ڈویژن کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ آئندہ ایشین چیمپئن شپ سنگاپور میں شیڈول ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ گروپ مرحلے میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو 66-48 سے شکست دی تھی، تاہم فائنل میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف سابقہ شکست کا بدلہ لیا بلکہ پلیٹ ڈویژن کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی اس کامیابی کو ملکی خواتین نیٹ بال کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کپ ڈویژن میں ترقی سے ٹیم کو مستقبل میں ایشیا کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔

