وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی بیٹی ڈاکٹر ودیعت بخاری نے سی ایس ایس 2026 کا تحریری امتحان پاس کرلیا۔ کامیابی پر عزیز و اقارب اور قریبی افراد کی جانب سے عظمیٰ بخاری اور ان کی بیٹی کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بیٹی کی کامیابی پر مبارکباد دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر ودیعت کی کامیابی کو ان کی مسلسل محنت، عزم اور لگن کا نتیجہ قرار دیا۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی ڈاکٹر ودیعت سمیت سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کرنے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ایس ایس جیسے مشکل امتحان میں کامیابی امیدواروں کی محنت، عزم اور مستقل مزاجی کا ثبوت ہے۔
رپورٹس کے مطابق سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحان میں 17 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے صرف 476 امیدوار تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کرسکے۔ کامیاب امیدوار اب میڈیکل، نفسیاتی جائزے اور انٹرویو سمیت انتخاب کے اگلے مراحل میں جائیں گے۔
ڈاکٹر ودیعت کی کامیابی کو سول سروس میں شمولیت کے سفر کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم حتمی انتخاب کے لیے انہیں باقی مراحل بھی کامیابی سے مکمل کرنا ہوں گے۔

