پاکستان نے کرغزستان میں جاری چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 2026 میں ٹگ آف وار کے مقابلے میں بھارت کو شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔
پاکستانی ٹگ آف وار ٹیم کے سربراہ نawab فرقان خان کے مطابق بھارت کے خلاف کامیابی قومی ٹیم کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، عزم اور بہترین ٹیم ورک کو کامیابی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
پاکستان نے بھارت کو شکست دینے کے بعد اپنے دوسرے مقابلے میں جنوبی کوریا کو بھی زیر کیا، یوں قومی ٹیم نے مسلسل دو کامیابیوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنائی۔
ورلڈ نومیڈ گیمز کا چھٹا ایڈیشن 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں جاری ہے، جس میں دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک کے کھلاڑی روایتی کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹگ آف وار کے علاوہ ریسلنگ، گھڑ سواری، تیر اندازی اور دیگر روایتی کھیل بھی مقابلوں کا حصہ ہیں۔
پاکستان نے ان مقابلوں میں مجموعی طور پر بھی اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ محمد عاصم نے 90 کلوگرام ماس ریسلنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ اقرا نصیب اور پاکستان کی ٹگ آف وار ٹیم نے کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

