ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے متعدد بیلسٹک میزائلوں سے ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور امریکی نیوی کے ایک گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کو نشانہ بنایا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی جنگی جہاز ایرانی بحری جہازوں کو ہراساں کرنے اور ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی میں حصہ لے رہے تھے۔ ایران نے دعویٰ کیا کہ میزائل حملوں کے نتیجے میں دونوں امریکی جنگی جہازوں کو نقصان پہنچا اور انہیں لڑائی کے علاقے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے تصدیق کی کہ دو امریکی بحری جہازوں کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم امریکی فوج کے مطابق دونوں جنگی جہاز حملوں سے بچ نکلے اور کسی امریکی اہلکار کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں۔
امریکا نے اس کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین ایرانی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا۔ CENTCOM کے مطابق دو ٹینکرز کو مستقل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ تیسرے خالی ٹینکر کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
ایرانی حملے کے دعوے اور امریکی جواب کے بعد آبنائے ہرمز اور خلیج کے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں جاری رہنے سے عالمی تجارتی اور تیل کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اہم وضاحت: امریکی جنگی جہازوں کو نقصان پہنچنے یا انہیں پسپائی پر مجبور کرنے کا ایرانی دعویٰ آزاد ذرائع سے تصدیق شدہ نہیں؛ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ جنگی جہازوں نے میزائل حملے کامیابی سے ناکام بنائے۔

