وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور انٹیلی جنس رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نیکٹا اور بلوچستان حکومت کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون مزید مؤثر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ فریقین نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں میجر جنرل فیصل نصیر کی خدمات کو سراہا اور قومی سلامتی کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے میجر جنرل فیصل نصیر کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں پائیدار امن، مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

