اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی کی
سپیکر انجیلا تھوکزلیڈیڈیزا نے سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات دولتِ مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے)کی 69ویں کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں سپیکرز نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت کے شعبوں میں تعاون اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قانون سازی، کمیٹی نظام اور پارلیمانی تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان کی گرین پارلیمنٹ، پارلیمانی کاکسز اور کمیٹی نظام کو مثر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
