متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی شمالی لندن میں واقع رہائش گاہ پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کیا اور گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
ایم کیو ایم کے مطابق بظاہر تربیت یافتہ دونوں افراد نے گھر کے سامنے موجود گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران رہائش گاہ کے مرکزی دروازے اور کھڑکیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، دونوں نقاب پوش افراد کی شناخت کی جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ مبینہ حملے کے پیچھے کون لوگ اور کیا عوامل کارفرما تھے۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
تاہم واقعے سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات فی الحال ایم کیو ایم کے مؤقف اور دعوے پر مبنی ہیں، جبکہ برطانوی حکام کی جانب سے واقعے کی آزادانہ طور پر مکمل تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

