کراچی(این این آئی)پاکستان میں دو سال بعد براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اگست 2026 میں ملک میں 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔اسٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 77 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 80 فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔اگست میں چین کی کمپنیوں نے 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہیں، کینیڈا کی کمپنیوں نے 5 کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات نے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، ہانگ کانگ نے 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ سوئٹزرلینڈ کی کمپنیوں نے ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
