کراچی (این این آئی) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا کی تقریباً 900 بندرگاہوں کی درجہ بندی میں پاکستان 34ویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ کراچی پورٹ کی عالمی بحری رابطہ کاری میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ کا پورٹ لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس اسکور 343 تک پہنچ گیا ہے، جو عالمی تجارت سے پاکستان کے مضبوط بحری انضمام کی عکاسی کرتا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بہتر بحری رابطہ کاری سے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی عالمی تجارتی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہوں کی ترقی اور تجارتی سہولت کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں بحری شعبے میں بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔
