لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف
کے کلینک آن ویل پراجیکٹ نے تاریخ رقم کردی۔ مختصرمدت میں صرف911کلینک آن ویل میں 3کروڑ مریض مستفید ہوئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔جس میں پنجاب میں 300مریم نواز ہاسپٹل (رورل ہیلتھ سنٹر) کو مکمل ہسپتالوں میں بدلنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ کلینک آن ویل کیلئے ڈیجیٹل میڈیکل باکس متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ڈیجیٹل میڈیکل باکس میں الٹرا ساؤنڈ،بلڈ شوگر،سی بی سی اورای سی جی کی جاسکے گی۔ڈیجیٹل میڈیکل باکس سے کیمرہ منسلک کرکے ٹیلی کانفرنس بھی ہوسکے گی۔اسی طرح موبائل سے لنک ہونیوالی سمارٹ الٹرا ساؤنڈ ڈیوائس بھی متعارف کرائی جائے گی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ بھر میں بہترین کام کرنے پر”ہسپتال آف دی منتھ”کا اعزاز ملے گا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ناقص کارکردگی اورفرائض سے غفلت پر 4ہسپتالوں کے ایم ایس فوری طورپر تبدیل کرنے اور ہنگامی صورتحال کیلئے ڈاکٹرز اورایم ایس کا پول قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ضلعی اورتحصیل ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال اور پارکنگ کے امور بہتر بنانے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 40ہزار سے زائد ڈاکٹرز اورالائیڈ ہیلتھ سٹاف کی بھرتی کی جا چکی ہے۔ 2524 ڈاکٹرز،2482ویمن میڈیکل آفیسر، 408 کنسلٹنٹ، 32کارڈیالوجسٹ کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔7572ایل ایچ وی، 5048سپورٹ سٹاف بھی پنجاب کے ہسپتالوں میں تعینات کیا جا چکا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہرضلع میں نئی سٹی سکین مشین مہیا کرنے، موسمی اورعام امراض کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کاحکم دیا۔ادھر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیرنے ملاقات کی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الیکشن کمپین پر خواجہ عمران نذیر کو شاباش دی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ویڑن الائنس کے تمام اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباددی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب
