لاہور ( نیوز ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم سیاحت پراپنے پیغام میں سیاحت کے پرعزم جذبے رکھنے والوں کو سلام پیش
کیاہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غور وفکر کی دعوت دی۔سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشتی اور فکر و تدبر میں معاونت کرتی ہے۔اللہ تعالیٰ نے پاک سر زمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازاہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا رواں سال لاہور کو سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت قرار دینا خوش آئند ہے۔ پنجاب میں ٹورازم کا بے پناہ پوٹینشل ہے، سیاحت کے فروغ کے لئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ قدرتی حسن سے مالا مال پنجاب کے علاقے کسی سے ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں۔پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہے۔ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ قدیمی قلعے، مذہبی مقامات، دلکش وادیاں سیاحت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ مری گلاس ٹرین سیا حوں کے لئے نئی دلکشی پیدا کرے گی۔ مری مال روڈ سمیت دیگر روڈ کی تعمیر و توسیع کی جا رہی ہے۔کوٹلی ستیاں بھی نیا سیاحتی مقام بن کر ابھر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اْجاگر کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اْبھرے گا۔ پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔ پنجاب کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نئے روزگار پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مضبوط ہوگی۔ پنجاب میں سیاحتی مقامات میں جدید سہولیات اور تعمیر نو سے دلکش بنا رہے ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پائیدار اینیشی ایٹو لے رہے ہیں۔ نوجوانوں اور مقامی آبادی کو سیاحت کے ذریعے معاشی مواقع فراہم کررہے ہیں۔سیاحت پنجاب کی معیشت اور ثقافت کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کا قابل قدررحجان دیکھا گیا ہے۔بڑے سرکاری ٹریری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16فیصد اضافہ ہواہے۔سرکاری ہسپتالوں کی ا و پی ڈی میں 21فیصد،آئی پی ڈی (داخلہ)11فیصد اورایمرجنسی مریضوں میں 9فیصد اضافہ ہواہے۔پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد4کروڑ 57لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔انٹرنل میڈیسن کے مریضوں میں 26فیصد،کارڈیالوجی کے مریضوں میں 12فیصد اورسرجری کے مریضوں میں 10فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔سرکاری ہسپتالوں میں بچوں اورامراض جلد کے مریضوں میں 9،9فیصد اضافہ ہواہے۔سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے ای این ٹی کے مر یض7فیصد بڑھ گئے۔کینسر اورکارڈیک میڈیسن کے 21لاکھ سے زائد پارسل مریضوں کو مل گئے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرصدا رت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے خصوصی اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد اورعلاج سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آبدوز ”پی این ایس/ایم ہنگور” کی پہلی بار کامیاب لائیوویپن فائرنگ پر اظہار تشکر کیاہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کے کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کے تجربے پرپاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کیاہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر ہدف کومکمل درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت قابل تحسین ہے۔
مریم نواز
