لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے’ کرائم رپورفر)محکمہ تعلقاتِ عامہ میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں
سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل شرپسند عناصر کو مبینہ طور پر منظم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے متعلق اہم انکشافات سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل مبینہ طور پر 20 سے 30 افراد کو منظم کرکے ہنگامہ آرائی کے لیے تیار کرنے کی کوشش کا انکشاف ہوا26 ستمبر کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے امین نامی شخص کو گرفتار کیا، جبکہ اس کے موبائل فون سے متعدد آڈیو ریکارڈنگز برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ آڈیوز میں مبینہ طور پر افراد کو احتجاج میں لانے اور انہیں ٹریننگ دینے سے متعلق گفتگو سامنے آئی ہے۔آڈیو میں سیاسی جماعت ویلفیئر ونگ کی صدر فاطمہ حیدر اور امین نامی شخص کے درمیان مبینہ گفتگو بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ فاطمہ حیدر 9 مئی کے مقدمے میں بھی نامزد اور ضمانت پر ہیں، جبکہ موجودہ معاملے میں سامنے آنے والے شواہد اور متعلقہ افراد کے کردار کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ ماضی میں احتجاج کے دوران پولیس پر پتھرائو، اہلکاروں کے زخمی ہونے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ پولیس کسی بھی ممکنہ پرتشدد یا شرپسندانہ سرگرمی کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کر رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تحقیقات کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ احتجاج میں شامل کیے جانے والے افراد کو کس نوعیت کی مبینہ تربیت دی جانی تھی اور اس مقصد کے لیے مزید کون سے عناصر یا مقامات استعمال کیے جا رہے تھے۔۔فیصل کامران نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور موبائل فون سے ملنے والے مواد کی بنیاد پر دیگر افراد اور ممکنہ رابطوں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتی ہے، تاہم کسی احتجاج کی آڑ میں تشدد، پولیس پر حملے یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں، مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے پیشگی اقدامات جاری رہیں گے۔ پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے اور کہا کہ تحقیقات میں مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پانچواںفیس بک لائیو سیشن کا انعقاد کیا۔ فیصل کامران نے گھریلو ملازمین کی پولیس تصدیق بارے اہم پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازم رکھنے سے پہلے قریبی تھانے یا خدمت مرکز سے پولیس ویری فیکشن ضرور کرائیں۔
