لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے’ کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں بوڑھے والد پر سگے بیٹوں اور بہوئوں کے مبینہ تشدد کی شکایت پر فیصل کامران نے والدین پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ایس ایچ او مغلپورہ کو کارروائی کی ہدایت کی۔اسی طرح لین دین فراڈ کی شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو کارروائی کا حکم دیا۔فیصل کامران نے وراثتی جائیداد اور جعلی ڈگری کی شکایات پر انکوائریاں مارک کیں۔سود خوری کی شکایات پر ایس ایچ اوباغبانپورہ اور لاری اڈا کو کارروائی کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات پر انکوائریاں مارک کرکے ایس پی اقبال ٹائون اور ایس ڈی پی شاہدرہ سے انکوائری رپورٹس طلب کر لیں۔ فیصل کامران نے آبائی قبرستان پر قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او نواب ٹائون کو کارروائی کی ہدایت کی جبکہ اقدام قتل کے مدعی کو دستبرداری پر دھمکیوں کی شکایت تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ والدین پر تشدد سمیت ہر شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
