لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی، بھٹہ چوک میں نجی بینک سے لاکھوں روپے لوٹنے والے نوجوان کو پولیس نے چند گھنٹوں بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سبحان نے مبینہ طور پر PUBG گیم میں بینک ڈکیتی سے متعلق ٹاسک سے متاثر ہوکر واردات کی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بینک کی پہلے سے ریکی کی تھی اور پارکنگ کی سہولت اور گاڑی کے آسانی سے آنے جانے کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ برانچ کا انتخاب کیا۔ واردات کے دوران ملزم نے سیکیورٹی گارڈ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور کیش کاؤنٹر سے تقریباً 7 لاکھ روپے لوٹ لیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات تقریباً 9 منٹ میں مکمل ہوئی۔ ملزم واردات کے بعد اپنے گھر واپس چلا گیا اور مبینہ طور پر لوٹی ہوئی رقم اور پستول اپنے پاس رکھتے ہوئے دوبارہ PUBG کھیلنے لگا۔ سیف سٹی کیمروں اور دیگر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے پولیس نے اسے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔

