لاہور(این این آئی)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی لو پروفائلنگ کے دوران آف لوڈنگ کے باعث مسافروں کے احتجاج اور
ایف آئی اے عملے سے تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے موبائل فون پر ویڈیوز بنانے اور عملے سے بدکلامی پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو طلب کرلیا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کولمبو جانے والے 2 مسافروں عمر اور ابوبکر کی ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈنگ پر احتجاج کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ دونوں مسافر سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل 154 کے ذریعے کولمبو روانہ ہورہے تھے۔دونوں مسافروں نے ایئرلائن کانٹر سے بورڈنگ کارڈ حاصل کیے اور امیگریشن کلیئرنس کے لیے پہنچے، تاہم ایف آئی اے حکام نے لو پروفائلنگ کے دوران دونوں مسافروں کو روک کر سری لنکا جانے سے منع کردیا۔
