پشاور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران 3خارجی دہشت گردوں کو
ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے انکے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارودبھی بر آمد ہوا ۔ ایک روز قبل بھی ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز نے 8دہشت گروں ہلاک کیا تھا۔سکیورٹی فورسزکی کارروائیاں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کوکمزور کرنے میں موثر ثابت ہو رہی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دریں اثنا سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پرصدرمملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
دہشت گرد
