پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جارجے جیزس کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ وہ اس وقت تک پرتگال کی نمائندگی نہیں کریں گے جب تک جارجے جیزس ٹیم کے کوچ ہیں۔
رونالڈو گزشتہ ہفتے ناروے کے خلاف میچ میں غیر استعمال شدہ متبادل کھلاڑی رہے تھے، جس کے بعد وہ پرتگال کے تربیتی کیمپ سے الگ ہوگئے۔ رونالڈو کے مطابق کوچ نے پہلے انہیں فٹنس مینجمنٹ پلان کے تحت ناروے اور ڈنمارک کے میچز سے آرام دینے پر اتفاق کیا تھا، تاہم بعد میں ناروے کے خلاف 30 منٹ کھلانے کی بات کی گئی لیکن انہیں میدان میں نہیں اتارا گیا۔
رونالڈو نے الزام عائد کیا کہ بعد میں جارجے جیزس نے ایک طے شدہ معاملے کے مطابق پریس کانفرنس میں صورتحال واضح کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ رونالڈو نے اسے اعتماد کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مزید وعدہ خلافی کا انتظار کیے بغیر قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
دوسری جانب جارجے جیزس نے رونالڈو کی واپسی کا دروازہ کھلا رکھا ہے اور کہا ہے کہ اگر رونالڈو چاہیں تو وہ دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ کوچ کا کہنا ہے کہ رونالڈو کے مستقبل کا فیصلہ خود کھلاڑی کریں گے۔
رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر معذرت بھی کی اور کہا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو ان کے اقدام کے نتائج کا جائزہ لے کر سزا دینی چاہیے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر وہ جسمانی طور پر فٹ ہوئے، کلب کیلئے اچھی کارکردگی دکھائی اور کسی ممکنہ پابندی کی سزا مکمل کرلی تو وہ پرتگال کیلئے کھیلنے کیلئے دستیاب رہیں گے۔
جارجے جیزس کوچ ہیں تو پرتگال کی نمائندگی نہیں کروں گا: کرسٹیانو رونالڈو

