ـمظفرگڑھ’روہیلانوالی’چوک مکول(نمائندہ خصوصی’سٹی رپورٹر’نمائندہ خبریں)دریائے چناب میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے 5 لڑکوں کے ڈوبنے کی اطلاع، ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ مظفرگڑھ کے علاقے روہیلانوالی سٹی سے تفریح کیلئے جانے
والے پانچ نوجوان محمد علی ‘ملک احسن ‘رانا عثمان’رانا عبدالرحمن ‘ محمد مکی دریائے چناب میں پتن موچی والا اور گانگا پتن کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے مبینہ طور پر ڈوب گئے ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے لڑکوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں جبکہ ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق روہیلانوالی شہر سے تعلق رکھنے والے 9 افراد پکنک منانے گانگا والا پتن آئے ہوئے تھے کھیل کود اور مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ایک نوجوان دریا میں ڈوبنے لگا اسے بچانے کی کوشش میں مزید 4 افراد بھی دریا کی بے رحم موجوں کی نذر ہو کر لاپتہ ہوگئے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی روہیلانوالی سے تھانہ روہیلانوالی کے ایس ایچ او ساجد سلطان اور پولیس ٹیم۔ ریسکیو ایمبولینس جبکہ سنٹرل اسٹیشن مظفرگڑھ سے واٹر سرچ اینڈ ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر تلاش شروع کردی۔ آخری اطلاعات تک کسی بھی لاپتہ شخص کی لاش برآمد نہیں ہوسکی تھی۔ اندھیرا چھا جانے کے باعث سرچ آپریشن روک کر صبح دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واقعے کے باعث علاقے میں تشویش کی فضا پائی جاتی ہے، جبکہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب ان کی خیریت کے حوالے سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
