لاہور ( نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بین الاقوامی یومِ دختر
(International Day of the Girl Child) پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کی رحمت اور معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ بیٹیوں کو تعلیم، صحت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بیٹیوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ بچیوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور انہیں خودمختار بنانے کے لیے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیا جارہاہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر بیٹی کو ایسا محفوظ اور سازگار ماحول ملنا چاہیے جہاں وہ اپنے خواب پورے کر سکے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ بیٹیوں کا حوصلہ، عزم اور صلاحیتیں دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں، وہ آگے بڑھیں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ہماری بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں۔ بیٹیوں کی پرورش اور دیکھ بھال نہ صرف ان کا حق ہے بلکہ یہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ حکومتِ پنجاب بچیوں اور خواتین کی تعلیم، تحفظ، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے۔بیٹیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت پنجاب نے بیٹیوں کے حصولِ تعلیم میں آسانی کے لیے لیپ ٹاپ تقسیم کیے ہیں ۔ بیٹیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ طالبات کو سکولوں اور کالجوں تک آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سکوٹی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ بیٹیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پنک بٹن متعارف کرایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ خواتین کے تحفظ اور انہیں فوری پولیس معاونت فراہم کرنے کے لیے ویمن ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ طالبات کو الیکٹروبس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بیٹیاں ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم، تحفظ اور خودمختاری کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع کرم میں سرحدی دراندازی ناکام بنانے اور 12 دہشتگرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے حوثی ملیشیا کا ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے شاہ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اورکہاکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنڈی گھیب میں سلنڈر دھماکہ میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسو س کااظہار کیاہے ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت بھی کیا ہے۔
مریم نواز
