کراچی (بزنس رپورٹر) سرکاری ملازمتوں کے لیے آن لائن جاب پورٹلز کا مقصد درخواستوں کے اندراج اور بھرتی کے عمل کو منظم، شفاف اور قابلِ نگرانی بنانا ہے۔ تاہم مختلف وفاقی اور صوبائی پورٹلز پر رجسٹرڈ امیدواروں، موصول ہونے والی
درخواستوں اور مکمل ہونے والی بھرتیوں کے اعدادوشمار دستیاب نہیں اور نہ ہی یہ معلومات دستیاب ہیں کہ کس پوسٹ کے لئے کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہے ، جس سے ان پورٹلز کی شفافیت اور افادیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔آن لائن دستیاب سرکاری معلومات کے مطابق وفاقی نیشنل جابز پورٹل پر 22 لاکھ 97 ہزار سے زائد صارفین اور 232 سے زائد محکمے درج ہیں، جبکہ 12 اکتوبر 2026 کو ویب سائٹ پر 66 سے زائد فعال ملازمتیں ظاہر ہو رہی تھیں۔ ،۔ تاہم پورٹل پر ہر اسامی کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد اور بھرتی کے عمل کی مکمل تفصیلات واضح طور پر دستیاب نہیں۔پنجاب جاب پورٹل کے حوالے سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے 25 دسمبر 2021 کے اعدادوشمار کے مطابق 400 سرکاری محکمے پورٹل پر شامل تھے، 2 لاکھ 24 ہزار 496 امیدواروں کے پروفائل بنائے گئے تھے اور 6 ہزار 59 مشتہر ملازمتوں کے لیے 8 لاکھ 43 ہزار 221 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مطابق اگست 2024 تک اس پورٹل پر 8 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ تھے، تاہم ان اعدادوشمار کے تازہ ترین ریکارڈ موجود نہیں ہے،دوسری جانب حال ہی میں متعارف کروائے گئے سندھ جاب پورٹل سرکاری ملازمتوں کے لیے رجسٹریشن اور درخواست دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے، تاہم اس جائزے کے دوران پورٹل پر رجسٹرڈ امیدواروں اور موصول ہونے والی درخواستوں کی مجموعی تعداد کے اعدادوشمار دستیاب نہیں ، اور نہ ہی پورٹل پر یہ معلومات موجود ہیں کہ کتنی درخواستیں موصول ہوئیںبلوچستان جاب پورٹل پر ملازمتیں تلاش کرنے اور محکمے، ڈویڑن، ضلع، گریڈ اور ملازمت کی نوعیت کے مطابق ریکارڈ دیکھنے کی سہولت موجود ہے۔ پورٹل کے دستیاب اعدادوشمار میں 71 شائع شدہ ملازمتیں، 10 ہزار 804 درخواست گزار اور 12 ہزار 825 درخواستیں درج ہیں، جبکہ فعال ملازمتوں کی تعداد صفر ظاہر کی گئی ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے سرکاری آن لائن جاب پورٹل اسامی (Assami) پر دستیاب اعدادوشمار کے مطابق 35 ہزار 895 امیدوار، 116 مشتہر ملازمتیں، 23 ہزار 664 درخواستیں اور 31 فعال محکمے و ادارے درج ہیں۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ بعض صوبائی پورٹلز پر امیدواروں، درخواستوں اور ملازمتوں کی تعداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان اعدادوشمار کی تازہ کاری، مکمل ہونے والی بھرتیوں اور ہر اسامی کے مقابل درخواستوں کی تفصیلات واضح نہیں ہے ، حکومت ایک طرف نوکریوں کے طریقہ کار کو شفاف بنانے کے لئے آن لائن جاب پورٹل کی آگاہی فراہم کررہی ہے لیکن دوسری جانب اْمیدواروں کے لئے پورٹل پر کسی قسم کی معلومات نہیں ہے ،ماہرین کے مطابق آن لائن جاب پورٹل کی اصل افادیت صرف امیدواروں کی رجسٹریشن اور ملازمتوں کے اشتہار تک محدود نہیں، بلکہ اس کا بنیادی مقصد بھرتیوں کے پورے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں رجسٹرڈ امیدواروں، موصول ہونے والی درخواستوں، زیرِ التوا بھرتیوں، مکمل ہونے والی تقرریوں اور خالی رہ جانے والی آسامیوں کے اعدادوشمار باقاعدگی سے شائع کریں، تاکہ عوام یہ جان سکیں کہ سرکاری نوکریوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کے ساتھ بھرتی کے عمل میں کیا پیش رفت ہو رہی ہے۔
