کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر 310ارب روپے کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔سی پیک کے تحتبلوچستان میں مغربی روٹ کی شاہراہوں کے 718کلو میٹر طویل منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مغربی زون میں شاہراہوں کے منصوبوں کیلئے مختص فنڈز میں سے 163.17ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔خضدار، کچلاک شاہراہ کے 330 کلو میٹر طویل منصوبے کے لیے 82.6ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ہوشاب، آواران، نال، بسیمہ، خضدار اور ژوب، کچلاک روٹس کے لیے مختص 83.2 میں سے 54.9ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ بسیمہ اور خضدار کے اہم روٹ کے لیے مختص فنڈز کا 94 فیصد حصہ ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوچکا ہے۔سی پیک کے جدید سڑک نیٹ ورک سے بلوچستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی مواقع کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔
