ملتان (کرائم رپورٹر) ملتان میں یتیم لڑکے کو کار کی ٹکر سے قتل کرنے والا ملزم توقیر بہاولپور میں مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ، سی سی ڈی بہاولپور کے مطابق مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو دوران ناکہ بندی روکا گیا جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ۔ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جسکی شناخت کی گئی تو یہ ملتان میں یتیم لڑکے وسیم عباس کے قتل میں ملوث اور پولیس حراست سے فرار ہونے والا ملزم توقیر تھا ، مارے گئے ملزم کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ملتان منتقل کرنے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں ۔تفصیل کے مطابق تھانہ ڈی ایچ اے ملتان کے علاقہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ( رائل آرچرڈ) میں کار کی ٹکر سے یتیم نوجوان وسیم عباس کا قتل کرنے کا مقدمہ پولیس نے سی سی ڈی ملتان کو تفتیش کے لیے منتقل کردیا تھا۔ سی سی ڈی ملتان کی ٹیم منگل کی شب تھانہ ڈی ایچ اے سے ملزم توقیر کو لینے گئی اور اسے ہتھکڑیاں لگا کر سرکاری گاڑی میں بٹھایا گیا جب ننگانہ چوک پہنچے تو سرکاری گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا ۔سی سی ڈی ملتان کے مطابق ٹائر تبدیلی کے دوران موٹر سائیکل سوار مسلح افراد حملہ آور ہوئے اور توقیر کو ہتھکڑی سمیت لے کر فرار ہوگئے، جس کے بعد کنٹرول کو کال کی گئی، مزید نفری منگوائی گئی، ناکہ بندی کرکے ملزم کی دوبارہ گرفتاری کے اقدامات شروع کئے گئے۔ ملزم کی حراست سے فرار کے معاملہ کا مقدمہ نمبر 365/26 تھانہ سی سی ڈی ملتان میں درج بھی کیا گیا تاہم بعد ازاں بہاولپور سی سی ڈی ٹیم نے کراچی موڑ چوک پر ایک مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو مشکوک افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس میں ملزمان کی اپنی فائرنگ سے ایک ساتھی مارا گیا اور دیگر فرار ہوگئے جبکہ اسکی شناخت کی گئی تو یہ توقیر تھا جو ملتان سے فرار ہواتھا ۔سی سی ڈی نے مذکورہ واقعہ کا مقدمہ نمبر125/26 تھانہ سی سی ڈی بہاولپور میں درج کرلیا۔سی سی ڈی مقابلے میں ہلاک ہونے والے توقیر کی ڈیڈ باڈی اسکی رہائش گاہ پہنچا دی گئی۔توقیر کی ڈیڈ باڈی کو بذریعہ ایمبولینس زکریا ٹاون گلی نمر 29 اس کی رہائش گاہ لایا گیا۔ڈیڈ باڈی کو ایمبولینس سے اتار کر گھر کے اندر پہنچا دیا گیا۔موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی نماز جنازہ بھی ادا کردیا گیا ہے۔
عبرت ناک انجام

