کراچی(این این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، جس کی تکمیل کے لیے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مستقل سیاسی عزم، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور عوامی شرکت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قدامت پسند عناصر کی شدید مخالفت کے باوجود پاکستان کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو کے قطرے پلا کر یہ پیغام دیا کہ بچوں کی صحت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کئی سال سے انسدادِ پولیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔
پولیو سے پاک پاکستان شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا:بلاول بھٹو

