اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی قومی ترقی کے لیے کوشاں ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں، سرکاری سرمایہ کاری اور قومی ترجیحات سے متعلق شفاف معلومات کی فراہمی عوامی آگاہی اور مثر شرکت کے لیے اہم ہے۔عالمی یومِ معلومات برائے ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے ذریعے عوام کو سرکاری سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوامی آگاہی کے درمیان مضبوط رابطہ ترقی کے عمل کو موثر بنانے کے لیے ضروری ہے ،واضح اور شفاف معلومات نوجوانوں کو اپنی تجاویز پیش کرنے، مقامی آبادیوں کو دستیاب مواقع سمجھنے اور شراکت داروں کو ترقیاتی عمل میں اپنا مثر کردار ادا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ ترقی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے مقاصد کو سمجھنا اور اس کی پیش رفت میں حصہ لینا ہر فرد اور طبقے کے لیے اہم ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقی کے عمل کو عوام کے لیے قابلِ فہم بنانا، عوامی شرکت کو بامعنی بنانا اور ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔
