لاہور(خبر نگار)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے ملتان میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی نو تعمیر شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق، ایڈمنسٹریٹر ملتان زون میر واعظ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ملتان محمد اسماعیل سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے کہا کہ قیمتی ٹرسٹ پراپرٹی کا بہتر استعمال یقینی بنا رہے ہیں۔ نو تعمیر شدہ عمارت کے مثر استعمال سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو اضافی ریونیو حاصل ہوگا، جس سے بورڈ کے مالی وسائل میں اضافہ ہوگا۔چیئرمین قمر الزمان نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو مزید بتایا کہ ٹرسٹ پراپرٹیز پر غیر قانونی قابضین اور نادہندگان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی قیمتی املاک کو بہتر انداز میں استعمال میں لانا اور ان سے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنا بورڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بورڈ کی دیگر املاک کے بھی مثر استعمال، تزئین و آرائش اور آمدن میں اضافے کے لیے قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں تاکہ ادارے کے مالی وسائل کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
