راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ہسپتالوں، سرکاری سکولوں، سڑکوں کی مرمت، واٹر سپلائی، سیوریج، واٹر فلٹریشن پلانٹس، بس اڈوں، گرین بیلٹس، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، ڈی سلٹنگ، ڈیپ کلیننگ اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے ایکشن پلان جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے عملی اقدامات کریں یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز ضلع کی کارکردگی کے اہم اشاریوں (KPIs) اور مختلف شعبوں میں عوامی سہولیات کی بہتری کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں جاری کیں اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نالہ لئی سمیت تمام اہم مقامات پر غیر قانونی ڈمپنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے جبکہ سرکاری محکموں کے سربراہان اور انتظامی افسران باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت برتنے والے افسران کو اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی واسا، سی او ضلع کونسل، سی او میونسپل کارپوریشن، آر ڈی اے اور محکمہ ہائی ویز کے افسران کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی مرمت، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، ڈی سلٹنگ اور دیگر میونسپل سروسز کے لیے فوری طور پر خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے جائیں۔ یہ اسکواڈ یونیفارم میں فیلڈ میں موجود رہیں اور یونین کونسل کی سطح پر مربوط نظام کے تحت عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی و مرمتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال اور کام کے اعلی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ باقاعدہ شیڈول کے تحت سرکاری ہسپتالوں کے دورے کیے جائیں اور مریضوں کو ادویات، طبی عملے اور دیگر تمام ضروری صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح سرکاری سکولوں کے تعلیمی معیار، بنیادی سہولیات اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بھی فیلڈ وزٹ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ بس اڈوں پر صفائی، سہولیات اور بہتر ماحول نظر آنا چاہیے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خالی پلاٹوں اور کھلی جگہوں سے کوڑا کرکٹ صاف کرنے، دیواروں سے وال چاکنگ ختم کرنے، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور مستقل دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے آوارہ کتوں کی روک تھام، تجاوزات کے خاتمے، ریڑھی بازاروں اور خواتین کے لیے پنک بازاروں کے قیام سمیت شہر کی برانڈنگ اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کے نتائج زمینی سطح پر واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انتظامی افسران کمیونٹی انگیجمنٹ کو فروغ دیں اور مقامی سطح پر شہریوں کے باہمی تنازعات کے حل میں اپنا مثر کردار ادا کریں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں اور عوامی خدمت، بہتر شہری سہولیات اور انتظامی کارکردگی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
