راولپنڈی(سٹی رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی)میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا، عزیز اللہ خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد حسیب کے ساتھ پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی اور شہری بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت آر سی سی آئی کے صدر نوشیروان خلیل خان نے کی، جبکہ سرپرستِ اعلی سہیل الطاف، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام عباسی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ایم ڈی واسا نے ادارے کی کارکردگی، پانی کی فراہمی، سیوریج نظام، شہری سیلابی صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ واسا تقریبا 90 مربع کلومیٹر علاقے میں 18 لاکھ افراد کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور ادارے کے زیرِ انتظام تقریبا 500 ٹیوب ویل کام کر رہے ہیں۔ زیرِ زمین پانی کی سطح میں کمی اور بڑھتی ہوئی طلب پانی کی فراہمی کے اہم چیلنجز ہیں۔اجلاس میں چہان، ڈڈھوچہ اور چراہ ڈیمز سمیت مستقبل کے آبی منصوبوں اور دریائے سندھ سے پانی کی فراہمی کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تقریبا 225 ملین ڈالر کے DREAMS-I منصوبے اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 106 کلومیٹر پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی، ٹیوب ویلز، ذخیرہ آب، سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان نے کاروباری مراکز میں پانی کی مناسب فراہمی، صفائی کے مسائل کے حل، ٹیوب ویلز کی بہتری، شفاف بلنگ اور پانی کے ٹینکرز سے متعلق شکایات پر توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے نالہ لئی اور اس کے معاون نالوں کی بروقت صفائی، ڈی سلٹنگ اور مثر سیلابی انتظامات کو بھی ضروری قرار دیا۔آر سی سی آئی نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، پانی کے پائیدار استعمال اور ماحول دوست اقدامات میں واسا کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہری سہولیات کی بہتری اور راولپنڈی کو محفوظ، صاف اور کاروبار دوست شہر بنانے کے لیے اداروں کے درمیان مثر رابطہ اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
